تھانے، 29؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر نارائن رانے نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ممبئی اور تھانے میں ہونے والے آئندہ بلدیاتی انتخابات وسیع کرپشن اور بدانتظامی کے معاملے پر لڑے گی، ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس الیکشن میں ان کی پارٹی 70سے 75نشستیں جیتے گی۔وہ کل یہاں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے شیوسینا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی بدانتظامی اور بڑے پیمانے پر ہو رہی بدعنوانی کی قلعی وہ مناسب وقت پر کھولیں گے جس نے دونوں اداروں کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔پارٹی کے ضلع انچارج رانے نے کہاکہ حکومت نے اپنے وعدے پورے نہیں کئے ہیں اس لئے عوام کو بھی انتخابات کا بے صبری سے انتظار ہے،ترقی ٹھپ پڑ گئی ہے اور ریاست کنگال ہو چکی ہے جبکہ حکومت کوئی بھی کام نہیں کر رہی ہے،اس بندرباٹ سے لوگ انتہائی ناراض ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ ترقی اور گڈ گورننس چاہتے ہیں تو ہمیں اقتدار میں لائیے۔پارٹی کا دامن چھوڑ کر جا رہے لیڈروں کو متنبہ کرتے ہوئے رانے نے کہا کہ بی جے پی کی لہر ختم ہو چکی ہے،جبکہ کانگریس کی لہر کے سب سے اعلی سطح پر ہے۔رانے نے کہا کہ ان کی کمیٹی نے مراٹھا برادری کے لئے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں 16فیصد ریزرویشن کی سفارش کی ہے۔ممبئی، تھانے، الہاس نگر، بھیونڈی، پونے، پمپری--چچواڑ، شعلہ پور اور اکولا سمیت کم از کم دس شہر کارپوریشنز میں فروری 2017میں انتخابات ہونے ہیں۔